طلاق یافتہ خاتون کا کردار خوشی خوشی نبھائوں گی، اُشنا شاہ

کراچی: معروف اداکارہ اُشنا شاہ کا کہنا ہے کہ اگر اُنہیں طلاق یافتہ خاتون کا کردار ملے گا تو وہ خوشی خوشی اس کردار کو نبھائیں گی۔
اداکارہ اُشنا شاہ سوشل میڈیا پر خواتین کے حقوق کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرتی رہتی ہیں، خواتین کے حق میں بولنے پر جہاں اداکارہ کو سراہا جاتا ہے تو وہیں کئی بار تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔
اب اُشنا نے طلاق یافتہ خاتون کا کردار ادا کرنے کی خواہش سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے بہت سے ایسے اسکرپٹ میں کام کیا ہے جن میں طلاق کو منفی انداز میں دِکھایا گیا ہے، اگرچہ میں اسکرپٹ تبدیل نہیں کرسکتی کیونکہ یہ میرے کام کا حصہ نہیں لیکن طلاق سے متعلق میرے خیالات بالکل مختلف ہیں۔
انہوں نے اپنے والدین کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ میرے والدین کی بھی علیحدگی ہوگئی اور میری والدہ نے ہمیں سنگل پیرنٹ کے طور پر پالا ہے، ہماری بہترین پرورش اور دیکھ بھال کے لیے تین ملازمتیں کیں۔
اُنہوں نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک ایسی کہانی کا حصہ بننا چاہتی ہوں جس میں طلاق یافتہ خاتون کو مثبت انداز میں دِکھایا جائے اور یہ پیغام دیا جائے کہ طلاق کے بعد بھی خوش حال زندگی گزاری جاسکتی ہے۔
اُشنا شاہ نے کہا کہ ایسا کردار ہو جس میں طلاق یافتہ خاتون خودمختار زندگی گزار کر معاشرے میں مثال قائم کرے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اسکرپٹ کے لیے پروڈیوسر کو راضی کرنا بہت مشکل کام ہے کیونکہ ایسے ڈراموں پر عوام کی جانب سے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔