پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر ریلوے کرایوں میں بھی اضافہ
لاہور: پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوتے ہی پھر سے مہنگائی کے نئے طوفان کا سلسلہ شروع ہوگیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ریلوے نے بھی ٹرینوں کے کرایوں کو بڑھادیا ہے۔
پاکستان ریلوے کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ریلوے کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مسافر اور فریٹ ٹرینوں کے کرایوں میں اضافے پر عمل درآمد کل 2 ستمبر سے ہوگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ رات نگراں وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد ملک میں پٹرول 305 روپے 36 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 311 روپے 84 پیسے ہوگئی ہے۔