جنوبی افریقا: عمارت میں آگ لگنے سے 73 بے سہارا افراد ہلاک

جوہانسبرگ: جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ میں 5 منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے 73 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
بیرون ملک کے خبر رساں ادارے کے مطابق جوہانسبرگ میں عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا، تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے اور انتظامیہ کی جانب سے آگ لگنے کی وجوہ کا تعین کیا جارہا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق عمارت میں آگ لگنے کے واقعے میں 73 افراد ہلاک اور 52 زخمی ہوئے، ہلاک ہونے والوں میں 7 بچے بھی شامل ہیں۔
جوہانسبرگ ایمرجنسی مینجمنٹ سروس کے ترجمان کے مطابق مقامی وقت کے مطابق رات ڈیڑھ بجے عمارت میں آگ لگی، جس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ایمرجنسی حکام کے مطابق 50 کے قریب متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی، عمارت میں ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ متاثرہ عمارت میں بے گھر افراد رہائش پذیر تھے اور آتشزدگی کے وقت قریباً 200 افراد عمارت کے اندر موجود تھے۔
سربراہ ایمرجنسی مینجمنٹ سروس رابرٹ ملاودزی کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے 20 سالہ پروفیشنل کیریئر میں ایسی خوف ناک آتش زدگی نہیں دیکھی، ریسکیو اہلکار 5 منزلہ عمارت کے ہر ہر فلور پر آپریشن کررہے ہیں، کیونکہ اندر مزید لوگ بھی پھنسے ہوسکتے ہیں۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔