جڑانوالہ واقعے میں ملوث عناصر کو معاف نہیں کیا جائے گا، دفتر خارجہ
اسلام آباد: پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ جڑانوالہ میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے میں ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے فیصل آباد میں ہونے والے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مسیحی برادری کو اعلیٰ سطح کی تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پورے ملک کے عوام مسیحی برادری سے سلوک پر دکھی ہیں، اس واقعے میں ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب فیصل آباد پولیس نے جڑانوالہ میں مساجد میں اعلانات کرکے عوام کو اشتعال دلانے والے شخص کو گرفتار کرلیا ہے، ملزم کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔
پولیس کا دیگر ملزمان تک پہنچنے کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے اور اب تک 100 سے زائد افراد کو گرفتار کر کے دو مقدمات درج کرلیے گئے ہیں، 37 نامزد اور 600 سے زائد نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمات میں انسداد دہشت گردی اور توہین مذہب سمیت 13 سے زائد دفعات لگا دی گئی ہیں۔
جڑانوالہ شہر میں کشیدہ صورت حال کے باعث عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے اور رینجرز کی دو کمپنیاں مختلف مقامات پر تعینات کی گئی ہیں جب کہ فیصل آباد میں تاحکم ثانی دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔
دھیان رہے کہ گزشتہ روز جڑانوالہ میں مشتعل ہجوم نے توہینِ مذہب کا الزام لگاکر 4 گرجا گھروں سمیت مسیحی برادری کے درجنوں مکانات، گاڑیاں اور مال و اسباب کو نذرآتش کردیا تھا۔