ایشیا کپ کا ہائبرڈ ماڈل ناانصافی ہے، ذکا اشرف

اسلام آباد: پی سی بی میں چیئرمین شپ کے مضبوط امیدوار ذکا اشرف نے ایشیا کپ کے ہائبرڈ ماڈل کو ناانصافی قرار دے دیا۔
سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پہلے دن سے ہی ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کردیا تھا، ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) تو پورا ایونٹ یہیں ہونا چاہیے، اہم میچز باہر اور نیپال جیسی ٹیموں کے مقابلے پاکستان میں ہوں گے، ہائبرڈ ماڈل ہمارے ملک کے ساتھ ناانصافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال طے پانے والے معاملات کی تفصیلات سے آگاہ نہیں، بطور چیئرمین ذمے داری سنبھالنے کے بعد صورت حال کا جائزہ لوں گا، فیصلوں میں ملکی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا۔
ذکا اشرف نے کہا کہ اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ تھا جو بدقسمتی سے آگے نہ بڑھ سکا، کرکٹ ملک کو متحد کرتی ہے، ہر جگہ سے ٹیلنٹ آگے آرہا ہے، اسے بہترین مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔
اس موقع پر بین الصوبائی رابطہ امور کے وزیر احسان الرحمان مزاری نے کہا کہ بھارت کرکٹ کو سیاست کے طور پر استعمال کرتا ہے، فٹ بال اور ہاکی کی ٹیمیں دورہ کرسکتی ہیں تو کرکٹ کی کیوں نہیں؟ دونوں ملکوں میں باہمی مقابلے ہونا چاہئیں، بھارت کو بھی ضد چھوڑ کر پاکستان آکر کھیلنا چاہیے، وہ نہیں آئے تو پھر ہم بھی نیوٹرل مقام پر ہی کرکٹ کھیلیں گے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔