دورۂ سری لنکا کیلیے پاکستان ٹیم کا اعلان، سرفراز اور شاہین شامل
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے سری لنکا کا دورہ کرے گی، اس کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے اور اسکواڈ میں سرفراز احمد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
سلیکشن کمیٹی نے اعلان کردہ 16 رکنی ٹیم میں محمد حریرہ اور عامر جمال کو پہلی بار شامل کیا ہے جب کہ سابق جنوبی افریقن کرکٹر مورنے مورکل بولنگ کوچ ہوں گے۔
ٹیم کا انتخاب سری لنکا کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جس میں چار اسپنرز، چار فاسٹ بولرز، چھ بیٹرز اور دو وکٹ کیپرز شامل ہیں۔
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور سرفراز احمد کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی ہوگئی ہے، انہیں آئندہ ماہ سری لنکا کے دورے میں کھیلی جانے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔
سری لنکا کے خلاف ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز دراصل تیسری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم کی پہلی سیریز ہوگی۔
پاکستانی اسکواڈ میں بابراعظم (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان اور وکٹ کیپر)، عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، حسن علی، امام الحق، محمد حریرہ، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین آفریدی اور شان مسعود کو شامل کیا گیا ہے۔