نائیجیریا میں کشتی کو حادثہ، 103 افراد ہلاک

ابوجا: دریا میں کشتی الٹنے سے 100 سے زائد نائیجرین باشندے ہلاک ہوگئے۔
خلیجی میڈیا کے مطابق شمالی نائیجیریا میں مقامی افراد کشتی میں سوار ہوکر شادی سے واپس آرہے تھے کہ دوران سفر کشتی حادثے کا شکار ہوکر الٹ گئی۔
پولیس کے مطابق کشتی میں متعدد افراد سوار تھے جن میں سے 100 سے زائد افراد کے ڈوب کر ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ دریا میں ڈوبنے والے دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ حادثہ پیر کی صبح کوارا اسٹیٹ کے دریائے نائیجر میں پیش آیا، جس میں 103 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ 100 سے زائد افرد کو ریسکیو کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔
مقامی حکام کے مطابق سرچ اور ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے جب کہ مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جو ایک قریبی گاؤں میں ہونے والی شادی کی تقریب سے واپس آرہے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق رات 3 بجے پیش آیا اور رات کے اندھیرے کی وجہ سے حادثے کا علم نہ ہونے سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔