اسلم خان کا پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرنے کا اعلان
کراچی: پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے ایک اور سابق رکن قومی اسمبلی اسلم خان نے پارٹی سے راہیں جدا کرلیں۔
پی ٹی آئی رہنما اسلم خان نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جو حالات پیدا ہوئے اس میں پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں، ہم سے بہتر آپ لوگوں کو پتا ہے کہ کیا ہورہا ہے۔
اسلم خان کا کہنا تھا کہ میرے خاندان میں کسی نے سیاست نہیں کی، سب کو معلوم ہے کہ سیاست گندی ہے، میں نے اپنے حلقے میں بہت کام کیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا ہم ملک کو ٹھیک کرنے آئے تھے، 9 مئی کو ملک بھر میں جو کچھ ہوا اس کی مذمت کرتا ہوں، جنہوں نے یہ سب کچھ کرایا اور جو ملوث تھے انہیں پکڑا جائے اور سزا دی جائے، جو بے گناہ ہیں انہیں چھوڑا جائے۔
خیال رہے کہ 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے واقعات کے بعد سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کا سلسلہ جاری ہے اور تحریک انصاف کے مرکزی قائدین سمیت درجنوں پارٹی رہنما عمران خان اور پارٹی سے راہیں جدا کرچکے ہیں۔
دھیان رہے کہ اسلم خان پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر این اے 254 عزیزآباد سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔