پی ٹی آئی چھوڑنے کیلیے دبائو تھا نہ کسی نے ڈرایا، ابرار الحق
لندن: پی ٹی آئی کو حال ہی میں خیرباد کہنے والے گلوکار ابرار الحق نے لندن میں ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کے زیر اہتمام ہونے والے پروگرام میں پرفارمنس پیش کی ہے۔
پروگرام میں شریک مہمانوں نے ابرار الحق کی خوبصورت آواز میں گانوں سے پھرپور لطف اٹھایا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
اس موقع پر ابرار الحق کا صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا میں نے پی ٹی آئی میں لیڈر شپ اور کارکنان دونوں کے ساتھ بہت اچھا وقت گزارا، 13 سے 14 سال تک پی ٹی آئی کے ساتھ کام کیا، مجھے سب سے محبت تھی لیکن 9 مئی والا واقعہ ہوگیا اور میں چونکہ سیاست میں ملکی خدمت کیلئے آیا تھا جس کا موقع مجھے اب فی الحال دور دور تک کہیں نظر نہیں آرہا۔
انہوں نے کہا کہ میرا آئینی حق ہے کہ میں سیاست دوبارہ جوائن بھی کرسکتا ہوں لیکن فی الحال ابھی میں نے کنارہ کشی کرلی ہے۔
ابرار الحق نے یہ بھی کہا کہ مجھے پارٹی چھوڑنے کیلئے کسی کا کوئی دباؤ نہیں تھا نہ ہی مجھے ڈرایا یا دھمکایا گیا، گلوکار نے پارٹی سے علیحدگی کے بعد فی الحال کسی جماعت کو جوائن کرنے یا انتخابات لڑنے سے بھی انکار کردیا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں چند افراد کو ابرار الحق سے بدسلوکی کے ساتھ پیش آتے ہوئے دیکھا گیا تاہم سیکیورٹی گارڈز انہیں وہاں سے بحفاظت نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔