شمالی وزیرستان: دہشتگردوں سے جھڑپ، 6 اہلکار شہید، 3 شرپسند جہنم واصل
راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے مقابلے میں پاک فوج کے 6 اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دیردونی میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 6 سپاہی شہید ہوئے جب کہ فورسز کی جوابی فائرنگ میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو مؤثر جواب دیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں حوالدار سلیم خان، نائیک جاوید اقبال، سپاہی نذیر خان، سپاہی حضرت بلال، سپاہی سید رجب حسین، سپاہی بسم اللہ جان شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے کی کلیئرنس جاری ہے۔