5 سالہ بچی کی ایس آئی یو ٹی میں پہلی کامیاب ہارٹ سرجری
کراچی: 5 سالہ بچی زینب کی سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) نے اوپن ہارٹ سرجری کرکے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔
معصوم بچی زینب دل کے سوراخ کے مرض میں مبتلا تھی، جس کی وجہ سے پھیپھڑوں میں خون کا بہاؤ بڑھتا تھا اور اسے بار بار سینے میں انفیکشن ہوتا تھا۔
اس سرجری کو انجام دینے کے لیے، 9 ڈاکٹروں، 2 پرفیوژنسٹ (جو دل اور پھیپھڑوں کی مشین چلاتے ہیں) اور 8 نرسوں کی ایک ٹیم نے کامیاب آپریشن کے بعد زینب کی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے لیے انتھک محنت کی اور صحت یابی کے بعد کل ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔
ایس آئی یو ٹی میں پہلی اوپن ہارٹ سرجری کرنے کے لیے کافی منصوبہ بندی کی گئی۔
ابتدائی طور پر، ماہرینِ امراض قلب اور ان کے معاون عملے کی ایک ٹیم کے ذریعے پیڈیاٹرک کارڈیالوجی ڈپارٹمنٹ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ ادارے میں اس نئے شعبے کے قیام کا مقصد عالمی طرز کا شعبہ بنانا تھا جہاں بچوں میں پیدائش کے دوران دل کی بیماری کا علاج ہوسکے۔
ایس آئی یو ٹی مریضوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مفت و اعلیٰ معیاری علاج عزت نفس کے ساتھ فراہم کرتا ہے، جہاں مریضوں کے پیچیدہ بیماریوں کے علاج کے سلسلے میں نئی اور جدید سہولتوں کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جاتی ہے۔
ایس آئی یو ٹی میں ملک بھر سے مریض علاج کرانے آتے اور شفایاب ہوکر گھروں کو لوٹتے ہیں۔