شاہین اور انشا کی شادی تقریبات ستمبر میں شروع ہوں گی، شاہد آفریدی
کراچی: سابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے اپنی صاحبزادی انشا آفریدی کی فاسٹ بولر شاہین کے ہمراہ رخصتی سے متعلق تفصیلات سے آگہی فراہم کردی۔
گزشتہ دنوں نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شاہد آفریدی اور شاہین آفریدی مہمان بنے جس میں سابق کپتان نے بیٹی انشا آفریدی کی شادی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میری اپنی شادی بھی کم عمری میں ہوئی اور اب میں نے شاہین اور انشا کے لیے بھی بالکل وہی فیصلہ کیا ہے۔
شاہد آفریدی نے مہینے سے متعلق اعلان سے قبل شاہین سے پوچھا کہ کیا میں ماہ بتادوں؟ جس پر فاسٹ بولر نے رضامندی کا اظہار کیا۔
پھر سابق قومی کپتان نے انکشاف کیا کہ فاسٹ بولر کی شادی کی تقریبات رواں سال ستمبر میں شروع ہوں گی۔
خیال رہے کہ شاہین آفریدی اور انشا آفریدی کا رواں برس فروری کے آغاز میں کراچی میں نکاح ہوا تھا، جس میں معروف کرکٹرز سمیت قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی تھی۔