عدالت عالیہ بلوچستان سے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل

کوئٹہ: عدالت عالیہ بلوچستان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیے۔
انصاف لائرز فورم کے رہنما اقبال شاہ ایڈووکیٹ نے بلوچستان ہائی کورٹ میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست جمع کرائی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ بجلی روڈ تھانے میں مقدمہ درج نہیں ہوسکتا، کیونکہ جس الزام پر مقدمہ درج ہوا وہ بجلی روڈ تھانے کی حدود ہی نہیں۔
درخواست گزار نے عمران خان کے خلاف درج ایف آئی آر کو ختم کرنے کی استدعا کی۔
عدالت عالیہ بلوچستان کے جسٹس ظہیر الدین نے درخواست پر مختصر سماعت کی اور عمران خان کے خلاف درج مقدمہ ختم کرنے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے پی ٹی آئی سربراہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری دو ہفتوں کے لیے معطل کردیے۔
عدالت نے کیس کی سماعت دو ہفتوں کے لیے معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔
خیال رہے کہ کوئٹہ کی عدالت نے گزشتہ روز اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کے کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، جن کی تعمیل کے لیے کوئٹہ پولیس آج لاہور پہنچی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔