بابراعظم کا سب کھلاڑیوں کی شادی کروانے کے بعد شادی کرنے کا اعلان
کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ وہ سب کھلاڑیوں کی شادی کروانے کے بعد شادی کریں گے۔
میزبان نے نجی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کے دوران بابر اعظم سے رواں برس ساتھی کرکٹرز کے شادی کے بندھن میں بندھنے اور کپتان کے تاحال کنوارے ہونے کا سوال کیا؟
جس پر بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میں نے سوچ لیا ہے، اس بار ان سب کی شادی کروانے کے بعد میں خود بھی شادی کرلوں گا۔
دوسری جانب بابر نے اپنے بچپن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں آج بھی جب اسٹیڈیم میں بال پِکر کو دیکھوں تو شکر ادا کرتا ہوں اور یاد کرتا ہوں کہ ایک دن میں بھی اس مقام پر تھا لیکن اب اللہ کا شکر ہے، اس نے مجھے یہ مقام عطا کیا۔
بابر اعظم نے نوجوانوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انسان کو چاہیے خود پر بھروسہ رکھے کیوں کہ انسان جو ٹھان لے اور سچے دل سے لگن کے ساتھ محنت کرے تو وہ اپنا مقصد ضرور حاصل کرلیتا ہے۔
بابراعظم کا کہنا تھا کہ انسان جتنا نیک نیتی کے ساتھ خود پر بھروسہ کرے گا، اس کے لیے راستے اتنے ہی کھلتے جائیں گے۔