پی ایس ایل 8 ترانہ ابھی ریلیز ہوا ہے، اسے کچھ وقت دینا چاہیے، علی ظفر
کراچی: پاکستان سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار اور اداکار علی ظفر نے پی ایس ایل 8 کے ترانے پر اپنا ردِعمل ظاہر کیا ہے۔
گلوکار علی ظفر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں پی ایس ایل 8 کے ترانے پر اپنا ردِ عمل دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
علی ظفر سے سوال کیا گیا کہ ہر پی ایس ایل ترانے کے بعد لوگ علی ظفر کو کیوں یاد کرتے ہیں؟ جواب میں علی ظفر کا کہنا تھا کہ یہ لوگوں کا پیار ہے، پی ایس ایل 8 کا ترانہ ابھی ریلیز ہی ہوا ہے، ہمیں اسے کچھ وقت دینا چاہیے۔
علی ظفر نے پی ایس ایل 8 کے ترانے کے گلوکاروں عاصم اظہر، شے گل اور فارس شفیع کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی ان تینوں کے مداح ہیں وہ جو بھی چیز کرتے ہیں اچھی ہوتی ہے۔
پی ایس ایل 8 کے ترانے کے بارے میں علی ظفر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ابھی تک اسے باقاعدہ طور پر سُنا نہیں مگر انہیں اُمید ہے کہ اچھا ہی ہوگا۔
علی ظفر نے عوام کی محبت اور ترانے کیلئے ان کی خواہش پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر عوام کو پی ایس ایل کا ترانہ اچھا نہیں لگا تو بھائی حاضر ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان سُپر لیگ کے آٹھویں سیزن کا آغاز ہو چکا ہے اور اس مرتبہ سپر لیگ کا آفیشل ترانہ پسوڑی گرل شائے گل، عاصم اظہر اور فارس شفیع نے گایا ہے جو مداحوں کو خاص متاثر نہیں کرسکے۔