بھارت: جعلساز ہوٹل مالکان کو 23 لاکھ کا چونا لگاکر رفوچکر
نئی دہلی: بھارت میں جعل ساز لگژری ہوٹل کے مالکان کو 23 لاکھ روپے کا چونا لگاکر رفوچکر ہوگیا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک شخص نے چند ماہ پہلے نئی دہلی کے ایک لگژری ہوٹل میں کمرہ لیا اور اس نے خود کو ابوظبی کے شاہی گھرانے کا ملازم ظاہر کیا اور چند ماہ تک ہوٹل میں قیام پذیر رہا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جعل ساز فرد کی ہوٹل میں رہائش اور دیگر اخراجات کی مد میں 23 لاکھ روپے کا بل بنا جو وہ ادا کیے بغیر رفوچکر ہوگیا۔
پولیس کے مطابق جعل ساز کی شناخت محمد شریف کے نام سے ہوئی ہے، جس کے خلاف ہوٹل انتظامیہ نے فراڈ کا مقدمہ درج کرایا ہے، محمد شریف نے یکم اگست کو لیلا پیلس میں روم نمبر 427 لیا اور 20 نومبر کو خاموشی سے چلا گیا جب کہ ملزم نے ہوٹل سے کراکری سمیت مختلف اشیا بھی چرائیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ محمد شریف نے ہوٹل انتظامیہ کو بتایا کہ وہ متحدہ عرب امارات کا رہائشی ہے اور اس کا وہاں ذاتی کاروبار ہے جب کہ وہ ابوظبی کی شاہی فیملی کا ذاتی ملازم ہے جب کہ ملزم نے اپنا یو اے ای کا رہائشی کارڈ اور دیگر دستاویزات بھی ہوٹل انتظامیہ کو دکھائیں۔
پولیس کے مطابق ملزم کی تلاش جاری ہے اور اس کی فراہم کردہ دستاویزات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔