ڈیبیو ٹیسٹ میں ابرار احمد کا جادو چل گیا، انگلینڈ 281 رنز پر ڈھیر

ملتان: اولیاء کی سرزمین کہلانے والے ملتان میں 16 سال بعد کھیلے جانے والے انٹرنیشنل ٹیسٹ مقابلے کے پہلے روز انگلینڈ کی پوری ٹیم 281 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔
3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے مقابلے کے پہلے روز انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن پاکستانی بولرز کے آگے انگلش بیٹرز دوسرے سیشن سے قبل ہی ڈھیر ہوگئے، دوسرا سیشن ختم ہونے سے قبل ہی انگلینڈ ٹیم کے سارے کھلاڑی 51 اوورز اور 4 گیندیں کھیل کر 281 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔
انگلینڈ کے خلاف اسپن بولر ابرار احمد نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 7 جب کہ زاہد محمود نے 3 وکٹیں لیں۔
دوسرے میچ کی پہلی اننگز میں انگلش کھلاڑیوں زیک کرالی اور بین ڈکٹ نے اوپننگ کی، لیکن دونوں کی پارٹنرشپ 9 اوورز بھی مکمل نہ کرسکی، ابرار احمد نے اپنے پہلے اوور میں ہی زیک کرالی کو 19 رنز کے ساتھ بولڈ کردیا، جس کے بعد ابرار نے 19 ویں اوور میں بین ڈکٹ کی وکٹ لیتے ہوئے انگلینڈ کی اہم شراکت بھی توڑ ڈالی۔
اسپن بولر ابرار نے ہی بین ڈکٹ کو 63، جوروٹ کو 8 رنز، اولی پوپ کو 60، ہیری بروک کو صرف 9، کپتان بین اسٹوکس کو 30 اور ول جیکس کو 31 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔
ابرار کی 7 وکٹوں کے بعد انگلش ٹیم کی تینوں وکٹیں زاہد محمود کے حصے میں آئیں، زاہد محمود نے اولی رابنسن کو صرف 5 جب کہ جیک لیچ کو پہلی ہی گیند پر پویلین بھیج دیا، اس کے بعد انگلش کھلاڑی جیمز اینڈرسن 7 رنز پر زاہد محمود کی گیند پرہی بولڈ ہوگئے۔
انگلینڈ کے خلاف قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں اظہر علی، نسیم شاہ اور حارث رؤف کو ڈراپ کرکے محمد نواز، فہیم اشرف اور ابرار احمد کو شامل کیا گیا، دوسرے ٹیسٹ میں لیگ اسپنر ابرار احمد ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے۔
دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم میں لیام لیونگسٹن کو آؤٹ کرکے مارک ووڈ کو پلیئنگ الیون میں شامل کرلیا گیا ہے جب کہ دوسرے ٹیسٹ میں بین فوکس کی جگہ اولی پوپ ہی وکٹ کیپنگ کریں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔