فواد عالم کو ڈراپ نہیں کرنا چاہیے تھا، شاہد آفریدی
کراچی: سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف آنے والی ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے فواد عالم کو پاکستان ٹیم سے ڈراپ نہیں کرنا چاہیے تھا، فواد کی پاکستان کے لیے بڑی پرفارمنس ہیں۔
کراچی میں ایک تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا عالمی کپ کا فائنل کھیلنا بڑی کامیابی ہے تاہم قومی ٹیم کو غلطیوں سے سیکھنا ہوگا، 92 کا ورلڈکپ بھی ہم اسی طرح جیتے تھے۔
شاہین آفریدی کی انجری کے حوالے سے کیے گئے سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ انہیں نئی انجری ہوئی ہے، بحالی میں دو سے تین ہفتہ لگ جائیں گے، ہمیں اپنی بینچ مضبوط کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بنگلادیش انڈر 19 کا پاکستان آکر ہوم گراؤنڈ پر شکست دینا بہت سے سوالات پیدا کرتا ہے، ہمیں ٹیم مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
شاہد آفریدی نے قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی کپ میں بڑے دلچسپ اپ سیٹ ہو رہے ہیں، میری فیورٹ ٹیم جرمنی ہے۔ سعودی عرب کو ارجنٹائن جیسی ٹیم کے خلاف فتح پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔