سندھ میں شام 5 سے لوگوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی

کراچی: رمضان المبارک میں صوبہ سندھ میں شہریوں پر شام 5 بجے سے اگلے روز صبح 8 بجے تک گھروں سے نکلنے پر پابندی عائد کردی گئی ۔
نجی ٹی وی کے مطابق محکمۂ داخلہ سندھ نے ماہ رمضان المبارک کے لیے ایس او پیز جاری کردیں جس کے تحت تراویح نماز کی ادائیگی گھروں پر ہوگی اور شام 5 بجے سےصبح 8 بجے تک شہریوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی ہوگی۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں کریانہ اسٹورز، سبزی اور گوشت کی دکانیں صبح 8 بجے سےشام 5 تک کھلی رہیں گی اور دودھ کی دکانوں کو رات آٹھ بجے تک کام کی اجازت ہوگی جب کہ ریستوران کو تیار کھانے شام 5 سے رات 10 بجے تک ڈیلیوری کی اجازت ہوگی۔حکم نامے کے مطابق افطار کے روایتی پکوان فروٹ چاٹ، سموسے اور پکوڑے کے اسٹالز لگانا ممنوع ہوگا، فروٹ چاٹ، سموسے، پکوڑے، جلیبی اور دیگر روایتی پکوان ہوم ڈیلیوری کیےجاسکیں گے، ہوٹلز میں ٹیک اوے کی اجازت نہیں ہوگی، ریستوران ہوم ڈیلیوری ڈرائیو تھرو سروس شام 5 سے رات 10 بجے تک کرسکیں گے، پبلک ٹرانسپورٹ، ڈبل سواری اور عمومی کاروباری سرگرمیوں پر پابندی ہوگی۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ احترام رمضان آرڈیننس پر سختی سے عمل کرنا ہوگا، کسی پیداواری غیر پیداواری یونٹ یا دکان مالک نے حکمنامے کی خلاف ورزی کی تو ان کی کاروباری سرگرمی مکمل بند کردی جائےگی، خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سندھ وبائی امراض کنٹرول ایکٹ 2014 کے سیکشن 4 کے مطابق کارروائی ہوگی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔