فارن فنڈنگ اور دہشت گردی مقدمات، عمران خان کی ضمانت میں توسیع
اسلام آباد: پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور ہوگئی۔
عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر سماعت بینکنگ کورٹ اسلام آباد کی جج رخشندہ شاہین نے کی۔
عمران خان کے وکلا کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ بینکنگ کورٹ نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 10 نومبر تک توسیع کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں عمران خان کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، تھانہ ترنول میں عمران خان کے خلاف درج دہشت گردی کے مقدمے میں عبوری درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔
عمران خان کے وکیل انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس کی عدالت میں پیش ہوئے، بابراعوان نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔
عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 9 نومبر تک ملتوی کردی۔