عمران خان کی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عبوری ضمانت منظور
اسلام آباد: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عبوری ضمانت کی درخواست منظور ہوگئی۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست سیشن کورٹ میں دائر کی تھی، جس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل راجہ آصف محمود نے کی۔
عمران خان کے وکلا کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ایف آئی اے کو گرفتاری سے روکا جائے۔
بعد ازاں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان عدالت میں پیش ہوئے، جس پر عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے 31 اکتوبر تک عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کی ہے۔
خیال رہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی کل تک حفاظتی ضمانت منظور کر رکھی ہے۔