پی ٹی آئی نے زرداری کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس دائر کردیا
اسلام آباد: پی ٹی آئی نے آصف زرداری کے خلاف ریفرنس دائر کردیا۔
سابق حکمران جماعت پی ٹی آئی کی جانب سے آصف زرداری کے خلاف ریفرنس اسپیکر قومی اسمبلی کو جمع کرایا گیا ہے، جس میں سابق صدر کی نااہلی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جمع کرائے گئے ریفرنس میں کہا گیا کہ آصف زرداری کی جانب سے قانون سے انحراف کے شواہد ہیں، انہوں نے گیلانی دور میں توشہ خانے سے تین گاڑیاں لیں، وہ بحیثیت صدر توشہ خانے سے گاڑیاں لینے کے اہل نہیں تھے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس زیر سماعت ہے، جس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اسٹیٹ بینک سے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی مانگی ہیں۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ بھی محفوظ کر رکھا ہے۔