کامران ٹیسوری گورنر سندھ تعینات، صدر نے منظوری دے دی
کراچی: ایم کیو ایم (پاکستان) کے رہنما کامران ٹیسوری گورنر سندھ تعینات، صدر مملکت عارف علوی نے کامران خان ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کی منظوری دے دی۔
محمد کامران خان ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کی منظوری صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 101 (i) کے تحت دی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر کامران ٹیسوری 5 مئی 1974 کو کراچی میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق پاکستان کے ایک کاروباری خاندان سے ہے۔
کامران ٹیسوری کاروباری حلقوں میں ممتاز مقام اور مثبت حوالہ رکھتے ہیں، سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں وہ 3 بار بزنس مین آف دا ایئر کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے 12 سال قبل سیاست کے میدان میں قدم رکھا اور اپنے سیاسی سفر کا آغاز مسلم لیگ فنکشنل سے کیا، 4 سال بعد کامران ٹیسوری نے مسلم لیگ فنکشنل کو خیرباد کہہ کر ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت اختیار کر لی۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان میں انہیں ڈپٹی کنوینر کا عہدہ ملا۔ سیاسی میدان میں بھی اُن کی نیک نامی کسی تعارف کی محتاج نہیں۔
واضح رہے کہ گورنر سندھ کا عہدہ پچھلے چند مہینوں سے عمران اسماعیل کے استعفیٰ کے بعد سے خالی تھا۔ اور اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی قائم مقام گورنر کی ذمے داری ادا کررہے تھے۔
عمران اسماعیل سے قبل مسلم لیگ ن کے محمد زبیر گورنر سندھ تھے۔ اُن سے قبل یہ عہدہ ایم کیو ایم سے ہی تعلق رکھنے والے عشرت العباد کے پاس تھا۔ ڈاکٹر عشرت العباد کو قومی تاریخ میں سب سے زیادہ عرصے تک کسی صوبے کا گورنر رہنے کا اعزاز حاصل ہے۔