آڈیو لیکس معاملے پر 12 رکنی کمیٹی تشکیل، آئی ایس آئی سربراہ بھی شامل
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس سے آڈیو لیک ہونے کے معاملے پر وزیر داخلہ کی سربراہی میں 12 رکنی اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دے دی، جس میں ڈی جی آئی ایس آئی بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے منظوری کے بعد جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں ڈی جی آئی بی، ڈی جی آئی ایس آئی، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر امین الحق بھی شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں وفاقی وزیر شیریں رحمان اور وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود بھی شامل ہیں، اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کا پہلا اجلاس کل ہوگا، سائبر حملوں کو روکنے کے لیے کمیٹی سفارشات تیار کرے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی وزیراعظم ہاؤس میں سائبر سیکیورٹی کی خلاف ورزی کی تحقیقات کرے گی اور کمیٹی تحقیقات 7 دن میں تحقیقات مکمل کرے گی۔ کمیٹی وزیراعظم ہاؤس میں موجودہ سیکیورٹی پروٹوکول کا جائزہ لے گی اور وزیراعظم ہاؤس میں فول پروف سیکیورٹی اور ڈیجیٹل ایکوسسٹم یقینی بنائے گی، اس کے علاوہ کمیٹی وزیراعظم ہاؤس میں ای سیفٹی نظام کا دوبارہ جائزہ لے گی۔ کمیٹی وزیراعظم ہاؤس میں ڈیٹا کو محفوظ بنانے کے لیے سفارشات بھی دے گی۔