حیدرآباد: کمسن بچی سے زیادتی و قتل کے مجرم کو سزائے موت
حیدرآباد: بچی سے زیادتی و قتل کے مجرم کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سزائے موت سنادی۔
انسداد دہشت گردی حیدرآباد کی خصوصی عدالت میں کمسن بہن بھائی کے اغواء و قتل اور 8 سالہ بچی سے جنسی زیادتی کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔
اے ٹی سی کے جج نے جرم ثابت ہوجانے پر مجرم عثمان بنگالی کو سزائے موت کا حکم سنادیا۔ عدالت نے مجرم عثمان بنگالی کو پھانسی کے علاوہ 14 سال قید کی سزا بھی سنائی۔
مجرم نے 2019 میں اپنے پڑوسی انتظار حسین کی 8 سالہ بیٹی رخسار اور دس سالہ بیٹے عبدالقادر کو اغواء کرلیا تھا۔ مجرم نے عبدالقادر کو خنجر سے زخمی کرکے ایئرپورٹ روڈ پر پھینک دیا تھا۔
رخسار کو بسم اللہ سٹی میں زیر تعمیر گھر میں لے کر زیادتی کے بعد قتل کردیا تھا۔ زخمی عبدالقادر کے بیان کی روشنی میں ملزم کو گرفتار کرکے نشان دہی پر بچی کی مسخ شدہ لاش برآمد کی گئی تھی۔