وزیراعظم کی کھانا پکانے کے اوقات میں گیس کی بلاتعطل فراہمی کی ہدایت
اسلام آباد: گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے اوقات میں گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی۔
وزیرِاعظم کی زیر صدارت گیس کی صورت حال پر پیشگی لائحہ عمل کے لیے ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں شاہد خاقان عباسی، وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، وزیرِ مملکت مصدق ملک اور مشیر احد چیمہ نے شرکت کی۔
اجلاس کو موسمِ سرما میں متوقع طلب و رسد اور موجودہ حکمتِ عملی اور آئندہ ماہ میں گیس فراہمی کے لیے مرتب پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیرِاعظم شہباز شریف نے موسم سرما میں گیس کی متوقع طلب کے پیشِ نظر لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عمران حکومت نے کورونا کے دوران عالمی منڈی میں سستی گیس کا فائدہ نہیں اٹھایا، بروقت گیس نہ خرید کر اس قوم کے ساتھ بہت بڑا ظلم کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے بروقت فیصلے نہ کرنے کا خمیازہ پورا ملک بھگت رہا ہے، گزشتہ حکومت کی طرح بدانتظامی اور مجرمانہ غفلت قبول نہیں کروں گا۔
ان کا کہنا تھا معیشت میں بارودی سرنگیں بچھانے والوں نے ہر شعبے پر خودکُش حملے کرکے غریب کی کمر توڑ دی، گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے اوقات میں گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت اعداد و شمار اور باتوں کے بجائے عملی و سنجیدہ اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔