پاکستان عالمی درجہ حرارت بڑھنے سے زیادہ متاثر، دُنیا مدد کرے: انتونیو گوتریس
سکھر/ نیویارک: اس وقت اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس دو روزہ دورے پر پاکستان میں ہیں اور سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کررہے ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ عالمی درجہ حرارت بڑھانے میں پاکستان کا قصور نہیں، لیکن پاکستان اس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، دنیا آگے آئے اور پاکستان کی مدد کرے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ سیلاب سے پاکستان کا ابتدائی نقصان 30 ارب ڈالرز کا ہوگیا ہے اور یہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ یکجہتی کا نہیں انصاف کا تقاضا ہے، عالمی برادری اپنی ذمے داری پوری کرے، خاص طور پر وہ ملک جنہوں نے درجہ حرارت بڑھا کر زمین کو نقصان پہنچایا ہے۔
انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ ہم نے فطرت کے خلاف جنگ کی، فطرت نے تباہ کن انداز میں پلٹ کر ہم پر وار کیا، لیکن زیادہ نقصان اسے پہنچایا جس کا قصور نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج جہاں پاکستان کھڑا ہے کل وہاں آپ کا ملک ہوسکتا ہے، ہمیں اسے روکنا ہوگا اور فوری روکنا ہوگا۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے قرضوں کی واپسی میں پاکستان کی مدد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے پاکستان کا ابتدائی نقصان 30 ارب ڈالرز ہوچکا، جو آگے جاکر مزید بڑھ سکتا ہے۔