چین میں زلزلے سے 72 افراد ہلاک
بیجنگ: چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان میں دو روز قبل آنے والے زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 72 ہوگئی۔
بیرون ملک کے خبر رساں ادارے کے مطابق صوبہ سیچوان میں زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 72 تک پہنچ گئی ہے۔
خبر ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں 259 افراد زخمی ہوئے جب کہ 26 افراد منگل کی رات تک لاپتا تھے، جن کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔
خبرایجنسی کا بتانا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں سڑکیں مرمت کرکے ٹریفک کے لیے بحال کردی گئی ہیں۔
حالیہ زلزلے کو صوبے سیچوان میں 2017 کے بعد سے آنے والا سب سے شدید زلزلہ قرار دیا جارہا ہے، جس نے متعدد عمارتیں تباہ کردیں اور بجلی اور پانی کے بنیادی ڈھانچے کے ساتھ ٹیلی کمیونیکیشن کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔
خیال رہے کہ سیچوان میں دو روز قبل 6.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا، امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ زیر زمین 10 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا، زلزلے سے متعدد مکانات کو نقصان پہنچا اور کئی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے۔