وزیراعظم شہباز شریف کا قطر کے974 فٹ بال اسٹیڈیم کا دورہ
دوحہ: پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ قطر کے دوران فیفا ورلڈکپ اسٹیڈیم 974 کا دورہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کو فیفا ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی کے لیے قطر کی حکومت کی جانب سے کی گئی تیاریوں سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایونٹ کے لیے جدید ترین سہولتوں کے قیام میں قطر کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے فٹ بال اسٹیڈیم کی شان و شوکت اور اس سے منسلک سہولتوں کی تعریف کی، جس میں قطری ثقافت اور شناخت کی عکاسی کی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے عوام اور قیادت کو میگا ایونٹ کے انعقاد میں شان دار کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے ورلڈکپ سے متعلق بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں پاکستانی افرادی قوت کے اہم کردار کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانیوں کو اس حقیقت پر فخر ہے کہ فٹ بال “الریحلہ” فیفا ورلڈکپ قطر 2022 کا آفیشل میچ بال پاکستان میں بنایا گیا ہے۔
قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈکپ 2022 کے دوران سیکیورٹی کے فرائض پاک فوج سرانجام دے گی۔
فیفا ورلڈکپ قطر 2022 کا آفیشل میچ بال بھی پاکستان میں ہی تیار کیا گیا ہے۔
974 فٹ بال اسٹیڈیم کو ورلڈ کپ 2022 کے لئے خصوصی طور پر تعمیر کیا گیا ہے۔
قطر کا انٹرنیشنل کال ڈائلنگ کوڈ +974 ہے، اسی مناسبت سے اس کی تیاری میں بحری جہازوں کے 974 کنٹینرز استعمال کئے گئے ہیں۔
اسٹیڈیم میں بیک وقت 40 ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور اسے 3 سال سے بھی کم وقت میں مکمل کیا گیا ہے۔