نجی تقریب کی ویڈیو وائرل، فن لینڈ کی وزیراعظم تنقید کی زد میں
ہیلسنکی: فن لینڈ کی جواں سال وزیراعظم ثنا مارن نجی تقریب کی ویڈیو وائرل ہونے پر تنقید کی زد میں آگئی ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق 36 سالہ وزیراعظم ثنا مارن کی تیزی کے ساتھ پھیلتی ڈانسنگ ویڈیو کے لوکل اور سوشل میڈیا پر چرچے ہیں، جس میں انہیں دوستوں کے ساتھ ڈانس کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو پر آنے والے عوامی ردعمل میں کہیں وزیراعظم کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے تو کہیں ان کی تعریف کی گئی ہے، کمنٹس میں لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ وزیراعظم کو زیب نہیں دیتا، تو کسی نے اسے زندہ دلی کا نام دیا، کہیں منشیات کے اثر سے بھی تشبیہہ دی گئی۔
وزیراعظم ثنا مارن نے منشیات کے استعمال کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کسی سے کچھ چھپانے کی ضرورت نہیں، منشیات استعمال نہیں کی اور یہ ثابت کرنے کے لیے وہ ڈرگ ٹیسٹ کرانے کو بھی تیار ہیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک شام اپنے دوستوں کے ساتھ گزار ہی تھیں، منظرعام پر آنے والی ویڈیو ایک پرائیویٹ مقام کی ہے نہ صرف وہ بلکہ پارٹی میں شریک کوئی بھی فرد منشیات کے استعمال میں ملوث نہیں۔
حکومتی اتحادی جماعت نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ وہ رضا کارانہ طورپر ڈرگ ٹیسٹ کروالیں۔
واضح رہے کہ 2019میں فن لینڈ کی وزیراعظم بننے والی ثنا مارن کو اس سے قبل بھی نجی تقریبات منعقد کرنے پر کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔