ملعون سلمان رشدی پر چھری سے حملہ، وینٹی لیٹر پر منتقل
نیویارک: مغربی نیویارک میں نامعلوم شخص نے ملعون مصنف سلمان رشدی پر حملہ کردیا۔
بیرون ملک کے خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ‘ کے مطابق سلمان رشدی پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ مغربی نیویارک میں واقع ایک ہال میں لیکچر دینے والے تھے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق کئی گھنٹے کی سرجری کے بعد سلمان رُشدی اس وقت وینٹی لیٹر پر ہیں، ان کی حالت تشویشناک ہے اور وہ کچھ بھی بولنے سے قاصر ہیں۔
خبر رساں ادارے کے رپورٹر کے مطابق ایک شخص نے چوتکوا انسٹی ٹیوشن کے اسٹیج پر دھاوا بولا اور سلمان رشدی پر حملہ آور ہوگیا۔ بعدازاں انتظامی حکام نے سلمان رشدی کو حملہ آور سے بچایا۔
نیویارک پولیس نے بتایا کہ ملعون سلمان رشدی کی ‘گردن پر چھری کا زخم‘ ہے لیکن ان کی حالت کے بارے میں تسلی بخش جواب دینا قبل ازوقت ہے۔
سلمان رشدی اسلام مخالف کتابوں کا مصنف ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملے کے فوری بعد سلمان رشدی کو وہاں سے لے جایا گیا جب کہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
طبی امداد کے لیے سلمان رشدی کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
حملے کے بعد اسٹیج پر ہی ملعون سلمان رشدی کو فوری طبی امداد فراہم کرنے والی ڈاکٹر ریتا لینڈ مین نے نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ سلمان رشدی کے جسم پر چاقو کے متعدد زخم ہیں جب کہ گردن پر دائیں جانب ایک بڑا زخم موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیج پر حملے کے بعد رشدی کا کافی خون بہہ گیا تھا لیکن لوگ کہہ رہے تھے کہ نبض چل رہی ہے۔
گورنر نیویارک کیتھے ہوچل کا کہنا ہے کہ ملعون مصنف سلمان رشدی زندہ ہے۔ اس بات کی تصدیق انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کی۔