پاکستانی اسکالرز نے بڑا امریکی اعزاز اپنے نام کرلیا
کراچی: کراچی یونیورسٹی کے احاطے میں واقع انٹرنیشنل سینٹر برائے حیاتیاتی و کیمیائی علوم (آئی سی سی بی ایس) سے وابستہ ذیلی ادارے، ڈاکٹر پنجوانی مرکز برائے سالماتی ادویہ (پی سی ایم ڈی) کے اسکالرز نے امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے تحت اپنی تحقیق پر پال ڈیوڈلے وائٹ اعزاز جیت لیا ہے۔
ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) کے ایک پی ایچ ڈی طالب علم وقاص احمد نے حال ہی میں امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن سے ”پاول ڈیوڈلے وائٹ انٹرنیشنل اسکالر ایوارڈ“ اپنے نام کیا ہے۔
ترجمان آئی سی سی بی ایس کے مطابق امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن نے انٹرنیشنل اسکالر ایوارڈ وقاص احمد اور ان کے معاون مصنفین کو اپنی تحقیق کی اعلیٰ درجے کی تلخیص (ایبسٹریکٹ) کرنے پر دیا ہے، وقاص احمد کے معاون مصنفین میں پروفیسر ڈاکٹر عصمت سلیم، ڈاکٹر عرفان خان، ڈاکٹر محسن خان، ردا ماریہ قاضی اور ربیعہ منیر شامل ہیں۔
خیال رہے کہ وقاض احمد ڈاکٹر پنجوانی سینٹر میں پروفیسر ڈاکٹر عصمت سلیم کی نگرانی میں پی ایچ ڈی کررہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کے ان محققین کی صلاحیت کا اعتراف امریکا کے شہر شکاگو میں 25 تا 28 جولائی کے دوران منعقدہ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے بیسک کارڈیو ویسکولر سائنسز کے سائینٹیفک سیشن 2022ء میں اسناد، فوٹو سیشن، محققین کے کام کی نمائش وغیرہ سے کیا گیا۔
آئی سی سی بی ایس کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوآرڈی نیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کے ان محققین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی صرف بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کی نہیں ہے یہ کامیابی پوری پاکستانی قوم کی ہے، انہوں نے کہا کہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں باصلاحیت اور قابل اسکالروں کی موجودگی ادارے کے لیے قابلِ فخر ہے۔
شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی اور سرپرستِ اعلیٰ بین الاقوامی مرکز اور سابق وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمٰن نے بھی ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کے ماہرین کو اس اہم کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔
پاکستانی ماہرین دُنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہے ہیں اور اُنہیں عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔