فٹ بال ورلڈکپ 2022 کی افتتاحی تقریب کی تاریخ تبدیل
دوحہ: فٹ بال ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب کی تاریخ تبدیل کردی گئی۔ فیفا کے زیر انتظام فٹ بال ورلڈکپ 2022 کی افتتاحی تقریب کے دن میں تبدیلی لائی گئی ہے۔
فیفا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ فٹ بال ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ 20 نومبر کی شام ہوگا۔
فٹ بال ورلڈکپ 2022 کا پہلا میچ میزبان ملک قطر اور ایکواڈور کے درمیان ہوگا جب کہ 21 نومبر کی دوپہر کو شیڈول سینیگال اور نیدرلینڈز کا میچ اب شام میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ 2022 میں کھیلا جانے والا فٹ بال ورلڈکپ 92 سالہ تاریخ میں پہلا ہے جو نومبر اور دسمبر میں کھیلا جائے گا، اس سے قبل 21 ایڈیشن مئی، جون اور جولائی کے آخر میں کھیلے گئے تھے۔
قطر میں کھیلے جارہے فٹ بال ورلڈکپ میں اسرائیلی شہریوں کو میچز دیکھنے کی اجازت بھی مل گئی ہے۔
یاد رہے کہ قطر کے دو خلیجی عرب ہمسایوں بحرین اور متحدہ عرب امارات نے پونے دو سال قبل اسرائیل کے ساتھ تاریخی معاہدوں پردستخط کیے تھے۔ اس کے برعکس قطر نے ابھی تک اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار نہیں کیے ہیں البتہ ان کے درمیان غیر رسمی روابط وتعلقات جاری ہیں۔