پروٹین سے متعلق ایلفا فولڈ نامی انقلابی منصوبہ
لندن: دُنیا کے تمام پروٹین کا ایک ایسا ڈیٹابیس بنایا گیا ہے جس میں مصنوعی ذہانت کی مدد سے پروٹین کی ساخت اور شکل کو عین گوگل کی طرح تلاش کرکے اس کی تفصیلات دیکھی جاسکتی ہیں۔
اس منصوبے کو ایلفا فولڈ کا نام دیا گیا ہے جسے ماہرین نے ایک انقلابی عمل قراردیا ہے اور اس سے افلاس اور امراض کے علاج کی نئے در کھلیں گے۔ ہم نہ صرف امراض کو اچھی طرح جان سکیں گے بلکہ ان کے علاج کے نت نئے طریقے بھی سامنے آئیں گے۔
تاہم اس تحقیق کا دل و دماغ ڈیپ مائنڈ نامی تنظیم سافٹ وییئر اور الگورتھم ہیں جن کی بدولت یہ طویل کام مکمل کیا گیا ہے اور ایلفا فولڈ کا نام دیا گیا ہے۔ پروٹین زندگی کی بنیاد ہیں جو امائنو ایسڈ کے زنجیری سلسلے بناتے ہیں۔ تاہم اکثر پروٹین سہ ابعادی پیچیدہ شکل میں تہہ در تہہ لپٹے ہوتے ہیں۔ اس عمل کو پروٹین فولڈنگ کہتے ہیں جسے جان کر ہم بتاسکتے ہیں کہ یہ پروٹین کیسے کام کرتا ہے، کیا کچھ کرسکتا ہے اور اس کا رویہ کس طرح کا ہوسکتا ہے؟ اگرچہ فولڈنگ کی ہدایات ڈی این اے سے آتی ہیں لیکن امائنو ایسڈ کی تشکیل سے پروٹین فولڈنگ بہت پیچیدہ ہوتی جاتی ہیں اور اب تک کل 20 کروڑ پروٹین میں سے مٹھی بھر پروٹین کی اشکال ہی معلوم کی جاسکی ہیں۔
گزشتہ برس ڈیپ مائنڈ نے 20 مختلف انواع کی پروٹینی ساخت بتائی تھی جن میں انسان کے جسم میں موجود تمام 20 ہزار پروٹین کی ساخت بھی شامل ہے جسے بعد میں ڈیٹابیس میں رکھا گیا تھا۔ اب اس کام کو مزید وسعت دے کر سافٹ ویئر کی پیشگوئی کے مطابق کروڑوں پروٹین کی سہ ابعادی (تھری ڈی) ساخت پیش کی گئی ہے۔
ڈیپ مائنڈ کے کے سربراہ ڈیمس ہیسابس کے مطابق یہ پروٹین کی پوری کائنات کا احاطہ کرتا ہے۔ اس میں پودے، بیکٹیریا، جانور اور دیگر اجسام کے پروٹین کی پیشگوئی کی مکمل صلاحیت ہے۔ اس تحقیق سے ہم غذائی تحفظ، پیچیدہ امراض اور زرعی پیداوار جیسے مسائل حل کرسکیں گے۔