دوسرا ٹیسٹ: پاکستان کو سری لنکا کے ہاتھوں شکست، سیریز برابر
گال: دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن پہاڑ جیسے ہدف کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 261 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، یوں سری لنکا نے پراباتھ جے سوریا اور رمیش مینڈس کی عمدہ بولنگ کی بدولت پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 246 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے 89 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شرع کی تو امام الحق اور بابر اعظم وکٹ پر موجود تھے۔
سری لنکا کو میچ کے پانچویں دن کے آغاز میں ہی کامیابی مل گئی اور امام 49 رنز بنانے کے بعد رمیش مینڈس کو وکٹ دے بیٹھے۔
کپتان بابر اعظم نے دوسرے اینڈ سے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور نئے بلے باز محمد رضوان کے ہمراہ 79 رنز جوڑے، رضوان 37 رنز بنانے کے بعد پراباتھ جے سوریا سے اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔
ابھی قومی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ پاکستان کو فواد عالم کی شکل میں بڑا نقصان برداشت کرنا پڑا جو وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں رن آؤٹ ہوگئے۔
پہلی اننگز میں نصف سنچری بنانے والے آغا سلمان کا بھی وکٹ پر قیام چھ گیندوں تک محدود رہا اور وہ چار رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔
سری لنکا کو دن کی سب سے بڑی کامیابی کھانے کے وقفے کے بعد ملی جب کپتان بابر اعظم 81 رنز بنانے کے بعد جے سوریا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے جب کہ محمد نواز بھی صرف 12 رنز بنا سکے۔
205 رنز پر سات وکٹیں گرنے کے بعد یاسر شاہ کا ساتھ دینے حسن علی آئے اور دونوں نے چند جارحانہ شاٹس لگا کر آٹھویں وکٹ کے لیے 38 کی شراکت قائم کی لیکن جے سوریا نے 27 رنز بنانے والے لیگ اسپنر کو آؤٹ کر کے اننگز میں پانچواں شکار کیا۔
حسن علی سے بھی ساتھ کھلاڑی کی جدائی برداشت نہ ہوئی اور وہ اگلے ہی اور میں 11 رنز بنانے کے بعد مینڈس کو وکٹ دے کر چلتے بنے۔
سری لنکا کو آخری وکٹ کے حصول میں بھی زیادہ دیر نہ لگی اور 261 کے مجموعی اسکور پر نسیم شاہ 18 رنز بنانے کے بعد مینڈس کی وکٹ بن گئے۔
سری لنکا کی جانب سے جے سوریا نے پانچ اور مینڈس نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا نے میچ 246 رنز سے جیت کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔