عوام پر پھر بجلی گرادی گئی، فی یونٹ قیمت میں ساڑھے 3 روپے اضافہ
اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے بجلی کی قیمت میں ساڑھے تین روپے فی یونٹ اضافہ کردیا ہے۔
وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ نے بجلی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے ہیں، جس کے تحت بجلی کی قیمتوں میں 26 جولائی سے فی یونٹ 3 روپے 50 پیسے کا اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگست سے 3 روپے 50 پیسے اور اکتوبر میں 91 پیسے کا اضافہ ہوگا جب کہ نومبر سے توانائی کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہوجائے گی اور دسمبر تک بجلی کا بنیادی ٹیرف 24 روپے تک ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگلے چند ماہ مشکل ہیں، غریب ترین صارفین کو تحفظ دیا گیا ہے، غریب ترین شہریوں کے لیے ٹیرف میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔
خرم دستگیر نے کہا کہ ایک سے 50 یونٹ، پھر ایک سے 100 یونٹ اور 200 یونٹ تک اضافہ نہیں ہوگا۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ اضافے کا بہت سا حصہ فیول سرچارج بن کر بلوں میں آرہا ہے، ٹیرف کی آخری دفعہ میعاد فروری میں کی گئی تھی، فیول سرچارج کی مد میں کمی آگئی ہے، یہ ٹیرف کی مد میں ہوگا۔