بغیر اجازت حج کرنے والوں پر 10 ہزار ریال جرمانے کا اعلان
ریاض: بغیر اجازت حج کرنے والوں کو بھاری جرمانہ ادا کرنا ہوگا، سعودی عرب نے بغیر اجازت (پرمٹ) حج کرنے والوں پر 10 ہزار ریال (2 ہزار 665) ڈالر جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی عرب کے پبلک سیکیورٹی محکمے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بغیرپرمٹ حج کرنے آنے والوں پر10 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق حج سیزن کے دوران قواعد اورقانون پرعمل درآمد کروانے کے لیے مقامات مقدسہ کے اندر اور اطراف کی سڑکوں پر سیکیورٹی فورسز تعینات کی جائیں گی۔
سیکیورٹی فورسز اب تک 19 افراد کو حج سے متعلق جعلی اشتہارات اور فراڈ کے الزام میں گرفتار کرچکی ہیں۔ رواں سال دنیا بھر کے 10 لاکھ عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ سعودی عرب میں آج یکم ذی الحج ہے۔