بھارت میں مسلمان صحافی گرفتار، 4 سال پُرانی ٹوئٹ مہنگی پڑگئی

نئی دہلی: بھارت میں مسلمان صحافی کو چار سال پُرانی ٹوئٹ مہنگی پڑگئی، گرفتار کرلیا گیا، پولیس نے حقائق کی جانچ کرنے والی ویب سائٹ آلٹ نیوز (AltNews) کے بانی صحافی محمد زبیر کو ان کی 2018 کی ایک متنازع ٹوئٹ میں مبینہ طور پر مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور دشمنی کو فروغ دینے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
کانگریس کے رہنماؤں نے محمد زبیر کی گرفتاری کو بی جے پی کی کمزور سوچ اور تعصب پر مبنی سیاست قرار دے دیا۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ صحافی محمد زبیر کے خلاف مذکورہ کیس ٹوئٹر ہینڈل balajikijaiin کی جانب سے رواں ماہ کی گئی ایک شکایت پر مبنی ہے۔
پولیس کے مطابق محمد زبیر پر جان بوجھ کر ایک مخصوص مذہب کے دیوتا کی توہین کرنے کے لیے قابل اعتراض تصویر ٹوئٹ کرنے کا الزام ہے۔ محمد زبیر نے مبینہ ٹوئٹ مارچ 2018 میں کی تھی۔
اس حوالے سے آلٹ نیوز کے شریک بانی پراتک سنہا نے بتایا کہ محمد زبیر کو 2020 سے مختلف کیس میں پوچھ گچھ کے لیے دہلی بلایا گیا تھا، جس میں عدالت نے انہیں گرفتاری سے تحفظ دیا ہے۔
پراتک نے بتایا کہ محمد زبیر کو ایک نئے کیس میں بغیر نوٹس کے گرفتار کیا گیا جب کہ متعدد مرتبہ درخواست کے باوجود ایف آئی آر کی کاپی نہیں دی جارہی۔
کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے اس گرفتاری کے خلاف ٹوئٹ کیا اور بی جے پی حکومت پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ حق کی ایک آواز کو گرفتار کرنے سے مزید ایک ہزار آواز بلند ہوں گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔