سست رو بوڑھے افراد کو اپنی ذہنی صلاحیتوں کا معائنہ کرانا چاہیے، تحقیق
وکٹوریا: حال ہی میں آسٹریلیا میں ہونے والی نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ بوڑھے افراد جو غیر معمولی طور پر سست رفتار سے چلتے ہیں، انہیں اپنی سوچنے سمجھنے کی صلاحیتوں کا طبی معائنہ کروانا چاہیے۔
ماہرین کی جانب سے کیے گئے مطالعے میں 65 سال سے زائد عمر کے قریباً 17,000 افراد کو شامل کیا گیا اور پایا کہ جو شرکا تقریباً 5 فیصد یا اس سے بھی زیادہ دھیمی رفتار سے چلتے ہیں اور ان کی یادداشت سے متعلق بھی مسائل ہیں تو ان میں ذہنی مرض ڈیمنشیا کا سب سے زیادہ امکان تھا۔
آسٹریلیا میں موناش یونیورسٹی میں ریسرچ فیلو، ٹایا کولیئر نے کہا کہ یہ نتائج ڈیمنشیا کی تشخیص میں چلنے کے انداز کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔یہ نتائج 2020 میں ہوئے تقریباً 9,000 امریکی بالغوں کے مطالعے کے بعد سامنے آئے ہیں جس میں چلنے کی سست رفتار اور یادداشت میں کمی اور مستقبل میں ڈیمنشیا کے خطرے کے درمیان تعلق پایا گیا تھا۔
ریسرچ سے معلوم ہوتا ہے کہ چلنے کی رفتار اور دماغی افعال کے درمیان تعلق دماغ کے دائیں hippocampus کے سکڑنے کی وجہ سے ہو سکتا ہے. ہیپوکیمپس دماغ کا وہ حصہ ہوتا ہے جو سیکھنے، یاد رکھنے اور راستہ تلاش کرنے کی صلاحیت کا ذمہ دار ہوتا ہے۔
اس کے ساتھ پچھلے مطالعات سے یہ بھی پتا چلا ہے کہ ایروبک ورزش جیسے چلنا، دوڑنا، تیراکی کرنا، سائیکل چلانا وغیرہ ہپپوکیمپس کو بڑا کر سکتا ہے اور یادداشت کو بہتر بنا سکتا ہے۔