کراچی ٹریفک پولیس ڈبل سواری کی خلاف ورزی پر میدان میں آگئی!
کراچی: ٹریفک پولیس کراچی ڈبل سواری کی پابندی نہ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف میدان میں آ گئ۔
ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق حکومت سندھ نے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے حفاظتی تدابیر کے طور پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر رکھی ہے،تاہم موٹر سائیکل سوار اس پابندی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سڑکوں پر ڈبل/ٹرپل سواریوں کے ساتھ دوڑ رہے ہیں جو قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصا” ٹریفک پولیس کے لئے چیلنج ھے۔
ٹریفک پولیس کراچی نے اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے اپنی بھرپور کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔آج کی اس کارروائی کے دوران 708 موٹر سائیکل کو ڈبل سواری کی پاداش میں چالان کرتے ہوئے ان پر جرمانہ عائد کیا گیا،اس کے علاوہ 102 کم عمر ڈرائیورز، 628 بغیر لائسنس، 1283 کو ون وے کی خلاف ورزی سمیت مجموعی طور پر 4325 چالان اور جرمانہ کیا گیا۔
ڈی آئی جی ٹریفک جاوید علی مہر نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ، قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص کو بغیر کسی امتیاز کے قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔عوام سے گزارش ہے کہ وہ قانون کی بالادستی کے لیے ٹریفک پولیس سے تعاون کریں، حکومت کی طرف سے عائد پابندیوں کا احترام کریں جو ان کے اپنے مفاد میں ہیں۔