نواز کے ضامن شہباز کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی متوقع
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے نواز شریف کو واپس نہ لانے پر شہباز شریف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی پر غور شروع کردیا۔
اٹارنی جنرل آفس نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی واپسی کے ضامن شہباز شریف کو خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا۔ خط میں لاہور ہائی کورٹ میں دی گئی گارنٹی کا حوالہ دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف کو لاہور ہائی کورٹ میں دیے گئے حلف نامہ پر عمل درآمد کی تلقین کی جائے گی اور شہباز شریف کو عمل درآمد کے لیے مخصوص وقت بھی دیا جائے گا۔
انڈرٹیکنگ پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں شہباز شریف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا انتباہ کیا جائے گا۔ اٹارنی جنرل آفس کی جانب سے خط آج ہی تحریر کیے جانے کا امکان ہے۔