روس نے یوکرین پرحملہ کیا توبھاری قیمت چکانا پڑے گی، صدر بائیڈن
واشنگٹن: امریکا کے صدر جوبائیڈن نے روس کی جانب سے یوکرین پرحملے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایسا ہوا تو روس کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
صدر جوبائیڈن نے نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ روس یوکرین پرحملہ کرسکتا ہے۔ ایسا ہواتواس کی ذمے داری مکمل طورپرروسی صدر ولادی میر پوتن پرعائد ہوگی۔
بائیڈن کا کہنا تھا کہ روس نے یوکرین میں کارروائی کی تو یہ وعدہ ہے کہ روس پر ایسی پابندیاں عائد کریں گے جو پہلے کبھی کسی نے نہیں دیکھی ہوں گی۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد روس کا یوکرین پرحملہ ایسا اقدام ہوگا جس کے دوررس نتائج نکلیں گے۔روس یوکرین میں کچھ کرنا چاہتا ہے اوروہ کرے گا۔
امریکی صدرجوبائیڈن نے مزید کہا کہ امریکا پولینڈ سمیت خطے میں اپنے فوجیوں کی تعداد بڑھا رہا ہے۔ ایسا نیٹو معاہدے کے تحت کیا جارہا ہے۔
روس نے 2014 میں کریمیا پرحملہ کرکے قبضہ کرلیا تھا۔