ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین قاتلانہ حملے میں زخمی

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق لاہور داتا دربار کے علاقے میں مسلم لیگ ن کے رہنما کو نشانہ بنایا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق بلال یاسین لیگی کارکن کے گھر موٹر سائیکل پر پہنچے ہی تھے کہ اسی دوران حملہ آور موٹر سائیکل پر آئے اور انہوں نے فائرنگ کردی۔
علاقہ مکینوں نے رکن اسمبلی کو میو اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے اُن کی حالت کو خطرے سے باہر قرار دیا ہے۔ پولیس کے مطابق بلال یاسین کو ایک گولی ٹانگ اور دوسری پیٹ میں لگی ہے۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے رکن اسمبلی پر ہونے والی فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعے کی رپورٹ طلب کی اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کا فوری سراغ لگانے کا حکم دے دیا۔
راؤ سردار علی خان نے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے اور واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرنے کی بھی ہدایت کی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق رکن پنجاب اسمبلی اپنے حلقے موہنی روڈ پر لیگی کارکن میاں اکرام کامی سے ملاقات کے لیے اُن کے گھر سلامت محلہ پہنچے تھے، وہ گلی کے باہر کھڑے تھے کہ ایک موٹرسائیکل پر سوار دو افراد نے رُک کر اُن پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔