کیوی کرکٹر راس ٹیلر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
نیوزی لینڈ کے بیٹس مین راس ٹیلر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
نیوزی لینڈ کے بیٹس مین راس ٹیلر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوِئٹر پر ریٹائر منٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آسان فیصلہ نہیں تھا مگر میرا خیال ہے اب ریٹائرمنٹ کا وقت آچکا ہے۔
راس ٹیلر نے کہا ہے کہ موجودہ سیزن کیریئر کا آخری سیزن ہوگا، بنگلہ دیش کیخلاف دو ٹیسٹ کے بعد ریڈ بال کرکٹ چھوڑ دوں گا۔
کیوی کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور نیدرلینڈز کیخلاف ون ڈے کیریئر کی آخری وائٹ بال سیریز ہوگی۔
واضح رہے کہ راس ٹیلر نیوزی لینڈ کے کامیاب ترین بلے باز سمجھے جاتے ہیں۔ ان کے پاس نیوزی لینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ ون ڈے اور ٹیسٹ رنز بنانے کا ریکارڈ ہے۔
راس ٹیلر نے نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ مجموعی انٹرنیشنل رنز بھی بنائے۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ انٹرنیشنل سنچریاں بنانے سمیت کئی ریکارڈ اپنے نام کیے ہیں۔