بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست پررپورٹ تیار، کارروائی کا فیصلہ
پشاور: خیبرپختون خوا میں بلدیاتی انتخابات میں شکست پر رپورٹ تیار کرلی گئی ہے، جس کی بنیاد پر ارکان قومی اسمبلی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
وزیراعلی محمود خان کی ہدایت پر بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی شکست کی وجوہات پر رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔ جس میں انکشاف ہوا ہے کہ پی ٹی آئی کی شکست کی بنیادی وجہ مہنگائی کے علاوہ بڑے اندرونی اختلافات تھے، بعض ارکان اسمبلی کی جانب سے تحریک انصاف کے نامزد امیدواروں کو سپورٹ نہیں کیا گیا۔
تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو رپورٹ پیش کرنے سے قبل وزیراعلی محمود خان کی قریبی صوبائی وزراء سے مشاورت جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مخالف امیدواروں کو سپورٹ کرنے پر دو ارکان قومی اسمبلی اور چار ارکان صوبائی اسمبلی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ رپورٹ پر وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس آج ملتوی کردیا گیا۔