اسرائیلی وزیر دفاع کا فوج کو ایران پر حملے کی تیاری کاحکم
اسرائیلی وزیر دفاع نےصیہونی فوج کو ایران پر حملے کی تیاری کا حکم دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع بنی گینٹز نے امریکہ کے دورے کے دوران امریکی وزیر دفاع لائیڈآسٹن کو آگاہ کیا ہے کہ انہوں نے اپنی فوج کو ایران پر ممکنہ حملے کی تیاری کا حکم دے دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری معاملات پر بات چیت کا کوئی نتیجہ نہیں نکلااور بین الاقوامی برادری جان گئی ہے کہ ایران ان کے ساتھ کھیل کھیل رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ اب ایران پرمزید دباو بڑھانے کی ضرورت ہے جس کے لیے اسرائیلی فوج کوحکم دیا ہے وہ ایران کے خلاف ممکنہ اسٹرائیک کے لیے تیار رہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات کے معاملے میں بین الاقوامی طور پر سیاسی ،اقتصادی اور فوجی دباؤ بڑھانے کی گنجائش ہے تاکہ ایران کو اس بات پر قائل کیا جا سکے کہ وہ جوہری پروگرام کے بارے میں اپنے ارادوں سے باز رہے۔
یاد رہے کہ اسرائیلی وزیر دفاع ایران پر دباو بڑھانے سے متعلق ممکنہ اقدامات پر غور کے لیے اس وقت امریکہ میں موجود ہیں۔