عدالت عظمیٰ میں غیر سنجیدہ رویہ، وزیراعظم نے ظفر مرزا کی سرزنش کردی

اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی جانب سے غیر سنجیدہ رویہ اختیار کرنے کا وزیراعظم عمران خان نے سخت نوٹس لے لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے حکومتی کاوشوں کو مناسب طریقے سے پیش نہ کرنے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا کی سرزنش کی ہے۔ڈاکٹر ظفر مرزا سپریم کورٹ کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کا تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے تھے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ کے سامنے حکومتی کاوشوں کو جامع اور مؤدبانہ انداز میں پیش کرنا معاون خصوصی برائے صحت کی ذمے داری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز کابینہ اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت کے رویے پر ناراضی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سپریم کورٹ اور چیف جسٹس آف پاکستان کو نہایت عزت وتکریم کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ سپریم کورٹ کے سامنے غیر ذمے دارانہ رویہ اختیار کرنے کی روش ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔