اومی کرون کے مشتبہ کیس کی تاحال تصدیق نہیں ہوئی: قومی ادارہ صحت
کراچی: شہر قائد میں مشتبہ اومی کرون کیس سے متعلق قومی ادارہ صحت کی وضاحت سامنے آگئی۔
قومی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ کراچی سے رپورٹ اومی کرون ویرینٹ کے مشتبہ کیس کی تاحال تصدیق نہیں ہوئی ہے، اس سلسلے میں مکمل جینوم سیکوئنس ٹیسٹ ہونا باقی ہے، جسے نمونہ حاصل کرنے کے بعد انجام دیا جائے گا۔
قومی ادارہ صحت نے کہا کہ عالمی حالات کی روشنی میں عوام سے پُرزور اپیل ہے کہ وہ جلد از جلد ویکسین لگوائیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں اومی کرون کا مشتبہ کیس کراچی سے رپورٹ ہوا، جس میں ایک 65 سالہ خاتون میں اومی کرون کی علامات پائی گئی ہیں، تاہم اس سلسلے میں ابھی وزیر صحت سندھ نے خاتون کے مکمل طور پر اومی کرون میں مبتلا ہونے کی تصدیق نہیں کی۔