پیٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن کی ہڑتال ختم ، سڑکوں پر زندگی پھر سے رواں دواں
ملک میں پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال ختم ہونے سے سڑکوں پر زندگی پھر سے رواں ہوگئی۔
حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مذاکرات کے بعد ہڑتال ختم ہو گئی جس کےبعد ملک بھر میں پیٹرول پمپس کھول دیے گئے ہیں۔
بدھ سے جاری پیٹرول بحران کے سبب شہریوں کو شدیدپریشانی کاسامنا رہا، کئی پیٹرول پمپس پر میلوں تک قطاریں لگ گئی تھیں جس پرشہریوں نے حکومت کوشدیدتنقید کانشانہ بنایاتھا۔
وفاقی وزیرحماد اظہر نے تصدیق کی ہے کہ حکومت پیٹرولیم ڈیلرز کے مارجن میں 99 پیسے فی لیٹر اضافہ کرےگی اور اضافے کا اطلاق کابینہ سے منظوری کے بعد ہوگا جس کے لیے سمری بھیج دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم ڈیلرز کے منافع میں فی لیٹر 99 پیسے اضافہ متوقع ہے، حکومت نے ڈیلرز کے منافع پر ہر 6 ماہ بعد نظر ثانی پر بھی اتفاق کر لیا ہے،آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے منافع میں بھی 71 پیسے فی لیٹر اضافہ تجویزکیاگیاہے۔
چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سمیع خان نے کہا ہے کہ 4.4 فیصد مارجن پر پیٹرولیم ڈویژن سے اتفاق ہو گیا ہے۔
ہڑتال ختم کیےجانے پر بیان میں پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری خواجہ عاطف نے کہاکہ حکومت کی طرف سے انہیں مارجن 99 پیسے کرنے کی یقین دہانی کرا ئی گئی ہے جس کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کی۔