پاکستان سے سیمی فائنل ،آسٹریلیا انجانے خوف کا شکارہوگیا
دبئی: پاکستان سے سیمی فائنل نے آسٹریلیا کو انجانے خوف کا شکار کردیا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جمعرات کو آسٹریلیا کا سامنا پاکستان سے ہوگا، گروپ 2 میں ناقابل شکست رہنے والے گرین شرٹس کا خوف ابھی سے کینگروز کے اعصاب پر سوار ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
خود کوچ جسٹن لینگر نے اس بات کا اعتراف کیاکہ اس وقت پاکستان ایک انتہائی متوازن سائیڈ ہے، انھوں نے کہا کہ کپتان بابر اعظم اس وقت کھیل کے سپر اسٹار ہیں، ان کے پاس بہترین فاسٹ بولرز اور 2 انتہائی بہترین اسپنرز موجود ہیں، ہماری طرح وہ بھی ایک متوازن سائیڈ ہے، اس لیے مجھے امید ہے کہ یہ ایک کرکٹ کا بہترین مقابلہ ثابت ہوگا۔
لینگر ہدف کے تعاقب کی صورت میں اعصاب کو کنٹرول میں رکھنے کے خواہاں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جراتمندانہ حکمت عملی کی وجہ سے میگا ایونٹ میں ہم نے 7 بیٹرز اور 4 بولرز کو میدان میں اتارا۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا اب تک میگا ایونٹ میں 4 بار ہدف کا کامیابی سے تعاقب کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنا چکا ہے،البتہ کوچ لینگر کو یقین ہے کہ ناک آؤٹ میں اگر ہدف کے تعاقب کی پھر نوبت آئی تواعصاب کو قابو میں رکھنے کی ضرورت ہوگی۔
اب تک ایونٹ میں ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیموں کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ دبئی میں منعقدہ ابتدائی 10 میں سے 9 میچز دوسری بیٹنگ کرنے والی ٹیموں نے جیتے، یہاں محض نیوزی لینڈ نے اسکاٹ لینڈ کیخلاف دن کے میچ میں پہلے بیٹنگ کرکے کامیابی پائی۔
آسٹریلوی کوچ کو اس بات کی فکر لاحق ہے کہ ناک آؤٹ میچ میں اسکور بورڈ پر بڑا ٹوٹل ٹیم پر دباؤ بڑھا سکتا ہے، انھوں نے کہاکہ سیمی فائنلز میں بھی ہدف کے تعاقب کی صورت میں ہمیں اپنے اعصاب کو قابو میں رکھنا ہوگا، فائنلز کی ترتیب کچھ مختلف ہوسکتی ہے، لہذا ہمیں ابھی دیکھو اور انتطار کرو کی پالیسی پر رہنا ہوگا، اوس کا عنصر بھی ہوگا، فائنلز میں اعصاب کی جنگ ہوگی جس کے لیے یقینی طور پر اپنی بہترین تیاریاں رکھنی ہو گی۔